• news

آئی ایم ایف سے بیل آئوٹ پیکج نہ ملا تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے: بلوم برگ

  واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ)  عالمی مالیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ جون میں پاکستان کو ادائیگیاں کرنی ہیں اور اس کے بعد کے حالات غیر یقینی ہیں۔ اگر آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکیج نہیں ملا تو ملک ڈیفالٹ ہو سکتا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق موڈیز انویسٹرز سروس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ کے بغیر ڈیفالٹ کر سکتا ہے کیونکہ ملک کو جون کے بعد غیر یقینی مالیاتی اختیارات کا سامنا ہے۔ بلومبرگ کو ای میل میں دیئے گئے جواب میں  تجزیہ کار گریس لم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان جون میں ختم ہونے والے اس مالی سال کے بقیہ حصے کے لیے اپنی بیرونی ادائیگیوں کو پورا کرے گا تاہم اس کے بعد پاکستان کے فنانسنگ کے اختیارات انتہائی غیر یقینی ہیں۔ موڈیز کے  تجزیہ کار گریس لم کے مطابق اس لیے آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر پاکستان اپنے بہت کمزور ذخائر کی وجہ سے ڈیفالٹ ہو سکتا ہے۔ یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان اپنے بیل آؤٹ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے واشنگٹن میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف پیکیج کے نویں جائزے کے مذاکرات گزشتہ برس نومبر میں رک گئے تھے۔ پاکستان اب تک مختلف اقدامات بشمول تیرتی شرح تبادلہ، اضافی ٹیکس، اور توانائی کے نرخوں میں اضافہ IMF کو بیل آؤٹ دوبارہ شروع کرنے پر راضی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ زیر التوا نویں جائزے کو کسی نتیجے پر پہنچانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق پاکستان میں اس سال ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی کشیدگی بھی قرضے کے حصول میں تاخیر کا ایک سبب بن رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن