• news

فیصل آباد: عمران کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں

فیصل آباد (ندیم جاوید) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد فیصل آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن میں جاری کرپشن کی انکوائریوں کو فوری فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان میں ملوث سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کو گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق وزراء فرخ حبیب، علی افضل ساہی، چوہدری ظہیرالدین، حافظ ممتاز، لطیف نذر، خیال کاسترو اور سابق ارکان اسمبلی علی اختر، رضا نصراللہ گھمن، فیض کموکا، ملک عمر فاروق، شکیل شاہد، وارث عزیز کے خلاف طویل عرصہ سے انکوائریاں اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے میں چل رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنمائوں ندیم سندھو، نبیل ارشد، اسد محمود، علی سرفراز، رانا آفتاب احمد، شبیر دائود بٹ، عارف گل کے خلاف بھی انکوائریاں چل رہی ہیں۔ زیادہ تر انکوائریاں فائنل ہوچکی ہیں اور کرپشن واختیارات کے ناجائز استعمال کے ذمہ داران کا تعین کیا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن