پْر اَمن بقائے باہمی وقت کی اہم ضرورت ہے:طاہر رضا بخاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہرر ضا بخاری نے کہا ہے کہ پْر اَمن بقائے باہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے متحدہ علماء بورڈ، تاریخ ساز کردار کا حامل ہے۔علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی بطور چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب تقرری خوش آئند ہے۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے حوالے سے حکومت کے اہداف واضح ہیں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے ایوان اوقاف میں ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی گذشتہ طویل عرصے سے متحدہ علماء بورڈ، اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب، پنجاب قرآن بورڈ اور اسلامی نظریاتی کونسل میں اتحادِ اْمّت اور بین المسلمین تعلقات کی ترویج کے حوالے سے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ دینی قوتیں، قومی یکجہتی اور دفاع ِ وطن کے تقاضوں سے عہدہ برا ہ ونے کے لیے ہمہ وقت مستعد اور بیدار ہیں۔