• news

جماعت علی شاہ کاعرس آج سے نارووال میں شروع ہوگا

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک پاکستان اور تحریک ختم نبوت کے ناقابل فراموش کردار پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ کے 72ویں عرس کی 2روزہ تقریبات 10، 11 مئی بروز بدھ، جمعرات کو علی پور سیداں شریف ضلع نارروال میں شروع ہوں گی جن میں ملک و بیرون ملک سے لاکھوں کی تعداد میں یاران طریقت، مریدین‘ عقیدت مندان اور زائرین شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ سیاسی و مذہبی شخصیات‘ علمائے کرام و نعت خواں حضرات بھی ہر سال کی طرح امسال بھی کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ عرس تقریبات کی صدارت مرکزی سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کریں گے جبکہ سرپرست دربار عالیہ پیر سید خورشید حسین شاہ جماعتی، پیر سید مظفر حسین شاہ جماعتی، پیر سید ذاکر حسین شاہ جماعتی و دیگر شہزادگان امیر ملت بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ عرس تقاریب کے حوالے سے دربار شریف پر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ زائرین کیلئے رہائش، لنگر و دیگر سہولیات کا بھی بندوبست کیا جائیگا‘ عرس کے اختتام پر سجادہ نشین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی امت مسلمہ، پاکستان و اہالیان وطن کیلئے خصوصی دْعا بھی کرائیں گے۔ اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کا کہنا ہے کہ فروغ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تعلیمات اولیاء کا اولین نقطہ ہے‘ بزرگانِ دین اور مشاہیر اسلام خلق خدا کو محبت و کردار سے دربار مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیساتھ وابستہ کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن