کارکن عام انتخابات کی تیاری شروع کردیں:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان نے بے مثال محنت سے کراچی کے عوام کو تعمیر و ترقی کا وژن اور حوصلہ دیا ہے۔ کراچی کے عوام نے جماعتِ اسلامی پر بڑا عتماد کردیا ہے۔ عوامی مینڈیٹ چرانے والے رْسوا ہونگے اور جمہوریت کے چہرے کو داغدار کرنے کے مجرم بنیں گے۔ ریاستی طاقت سے عوام کی نمائندگی کے دعویدار عوامی مسائل اور بحرانوں میں ہی اضافہ کریں گے۔ کراچی میں جماعتِ اسلامی کا میئر ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کو یک جان، یک آواز بناکر مسائل حل کرسکتا ہے۔ جماعتِ اسلامی کراچی کے کارکنان انقلابی عزم کے ساتھ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ کراچی کے ووٹرز کی طاقت ہی بازی پلٹ دے گی۔ لیاقت بلوچ نے گوادر کے عمائدین، جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں اور حق دو تحریک کے قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حق دو تحریک نے مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں عوام کی محرومیوں اور مظلومیت کو اْجاگر کیا ہے۔ طاقتور مقتدر طبقوں کے خلاف عوام کی آواز جرآت و استقامت کا نشان بن گئی ہے۔ عوام کے حقوق غصب کرنے والے نام نہاد سیاسی طبقات ریاستی اداروں کی آڑ میں عوام دشمنی کررہے یہں۔ مقتدر طبقے عوام کے مسائل حل کریں۔