پرامن احتجاج آپ کا حق‘ املاک کو نقصان نہ پہنچائیں: آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج آپ کا حق ہے لیکن اپنے اور ہمارے ٹیکسوں سے بنی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔ توڑ پھوڑ کے کچھ واقعات ہوئے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جھوٹ اور پروپیگنڈا کی عمر بہت کم ہوتی ہے۔ تشدد کے بارے میں باتیں من گھڑت ہیں۔ مقدمات صورتحال کی چیزوں کے تحت درج ہوتے ہیں۔ پولیس کا کام شہریوں کو محفوظ راستہ دینا ہے تاکہ ایمبولینسوں میں مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہماری ڈیوٹی ہے کہ کسی شہری کے سامنے کوئی مشکل موجود نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی صورتحال پر میڈیا کو ساتھ ساتھ آگاہ رکھ رہے ہیں۔ اس وقت میں خود میڈیا سے بات کر رہا ہوں۔ پاکستان، اسلام آباد اور آپ سب کا امن ہمارا کام ہے اسی کا ہم حلف اٹھاتے ہیں۔ کل سے آج تک جتنے واقعات ہوئے ہیں ان کی تفصیل پولیس کل فراہم کر دے گی۔ پوری کوشش ہے کہ حالات معمول پر لائے جا سکیں۔