• news

بلوائی کہنا عوام کی توہین‘ پورا پاکستان فاسق حکومت کیخلاف سراپا احتجاج: فواد

اسلام آباد (خصوصی  رپورٹر) رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو بلوائی کہنا عوام کی توہین ہے۔ آپ نے زندگی میں کبھی الیکشن نہیں لڑا۔ عوام میں مقبولیت کیا ہوتی ہے آپ کو کیا پتہ۔ پورا پاکستان جابر اور فاسق حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ ان شاء اﷲ ظلم کا یہ سورج ڈوبے گا اور عوام کی فتح ہو گی۔ یہی وجہ ہے آپ نے خصوصی طیارہ تیار رکھا ہے جس پر فوراً فرار ہو سکیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری گرفتاری سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئے اور وہ اسی خوف کی وجہ سے کئی گھنٹے عمارت سے باہر نہیں نکلے۔ فواد چوہدری نے عمران خان کی اپیل کے ساتھ متفرق درخواست دائر کر دی۔ جس میں لکھا ہے کہ میں نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ موقف 12 مئی کو میرا مقدمہ ہائیکورٹ میں مقرر ہے لہذا ہائیکورٹ کی تاریخ تک مجھے حفاظتی ضمانت دی جائے۔ پی ٹی آئی رہنما سے صحافی نے سوال کیا کہ پولیس آپ کی باہر منتظر ہے تو فواد چوہدری نے کہا کہ ہم بھی یہی پر ہیں دیکھ لیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس عدالت کا حکم موجود ہے۔ عدالت نے گرفتاری سے منع کیا ہوا ہے، لیکن اب جو حالات جا رہے ہیں اس سے تو لگتا ہے کہیں چیف جسٹس بھی گرفتار نہ ہو جائے۔

ای پیپر-دی نیشن