سیاسی جماعتوں نے لچک نہ دکھائی تو رہی سہی جمہوریت ختم ہو سکتی ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں گیس میٹروں کے ماہانہ کرایہ کو 40 روپے سے بڑھا کر 516روپے کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف اپیل دائر کی ڈی۔ سراج الحق نے حکومتی اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی درخواست میں موقف اپنایا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کمپنیوں کی جانب سے ایک کروڑ پندرہ لاکھ سے زائد صارفین جن میں اکثریت گھریلو کنکشنز کی ہے پر گیس میٹر کرایہ کی مد میں دراصل ماہانہ جرمانہ عائد کیا۔ میٹر کرایہ سے دونوں گیس تقسیم کار کمپنیاں ہر ماہ سوا پانچ ارب روپے صارفین کی جیبوں سے نکالیں گی جو عوام پر اضافی، ناجائز بوجھ ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سیاسی بحرانوں کی وجہ سے معاشی بدحالی میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، نفرتوں کی سیاست نے سیاسی انتہا پسندی اور تشدد میں اضافہ کیا، سیاسی جماعتوں نے آئین کی بالادستی اور اقتدار کے حصول کا جمہوری راستہ نہ اپنایا تو ماضی کی طرح رہی سہی جمہوریت ختم ہو سکتی ہے، پرتشدد کارروائیاں ملک کے لیے تباہ کن ہیں، حکومت، پی ٹی آئی اور سیاسی جماعتیں اپنے درمیان اس قدر فاصلے اور خلیج نہ بڑھائیں کہ سیاسی قیادت کے ہاتھ کچھ نہ رہے۔