ای سی سی نے روزویلٹ ہوٹل کھولنے کیلئے معاہدہ پر عملدرآمد کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے امریکی شہر نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہوٹل یونین اور نیو یارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دیدی۔ وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت ہوا بازی نے چیلنجز اور روزویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں ایک سمری پیش کی۔ شرکاء کو نیویارک سٹی گورنمنٹ اور ہوٹل یونین کے ساتھ اس کے استعمال کے لیے ایک مناسب معاہدے تک پہنچنے پر کمیٹی کے ذریعے ہونے والے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ ہوٹل کے ایک ہزار 25 کمرے نیویارک سٹی گورنمنٹ کی طرف سے امیگرنٹ ہاؤسنگ بزنس کے لیے 3 سال کی مدت کیلئے لیز پر لینے کے معاملے پر دی جانے والی بریفنگ کی روشنی میں ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد ہوٹل یونین اور نیو یارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے پی آئی اے ایل کو مزید ہدایت کی کہ وہ قرض کے رول اوور کے سلسلے میں این بی پی کے ساتھ اپنا کاروباری منصوبہ منسلک کرے اور اس کا اشتراک کرے۔ ای سی سی نے مختلف وزارتوں کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی۔ جس کے تحت انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت بھارت کے ساتھ تنازعات کے تصفیہ کے لیے عدالتی مقدمات کی فیس کی ادائیگی کے لیے وزارت آبی وسائل کو 15 کروڑ 30 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ عالمی بنک کے پروگرام کے تحت وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کیلئے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔