• news

کراچی، پولیس نے چینی شہری پر حملے کی کوشش ناکام بنادی، دہشتگرد ہلاک

کراچی(این این آئی) ملیر میں پولیس نے چینی باشندے پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جس نے مبینہ طور پر خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔پولیس حکام کے مطابق دہشتگرد پاک چائنا شپ یارڈ میں مقیم غیر ملکیوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم پہلے سے بھی خفیہ اطلاع پر پولیس یارڈ کے اطراف تعینات تھی۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مارا گیا جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل بھی زخمی ہوا ہے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد نالے کے راستے یہاں تک پہنچا تھا اور بحری جہازوں کی مرمت کے مقام پر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق مارا گیا دہشت گرد ممکنہ طور پر خود کش حملہ آور ہے، جس نے بارودی بیلٹ پہنی ہوئی ہے۔ایس ایس پی ملیر حسن سردار کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔دہشت گرد کی لاش کے ساتھ بارود ہونے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس کی مزید نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گرد سے ایس ایم جی اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے

ای پیپر-دی نیشن