سوڈان میں خانہ جنگی اموات، نقل مکان کا سبب بن رہی ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی اموات اور نقل مکانی کا باعث بن رہی ہے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنیوا آفس انفارمیشن یونٹ کے پریس اینڈ فارن ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رولانڈو گومز نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران جاری رپورٹ میں کہاکہ سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان15 اپریل سے جاری جھڑپوں میں اموات کی تعداد604 ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ترجمان طارق جساریوچ نے کہا کہ سوڈان میں جاری کشیدگی میں اموات 604 اور زخمیوں کی تعداد 5,127 ہوگئی ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ترجمان پال ڈلون نے بتایا کہ سوڈان میں کشیدگی کے دوران 7لاکھ افراد بے گھر ہوئے جبکہ یہ تعداد گزشتہ ہفتے تقریبا 3لاکھ 40ہزار تھی۔