امریکہ کو باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے چاہئیں: روسی سفیر
واشنگٹن‘ برسلز (اے پی پی‘ این این آئی) روس نے کہا ہے کہ امریکہ کو باہمی احترام کی بنیاد پر روس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں روس کے سفیر اناتولے انتونوف نے گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران کہا کہ جنگ کے دوران امریکہ کے ساتھ برادرانہ رویہ یاد ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ وقت آئے گا جب امریکہ اپنی مخاصمانہ پالیسیاں ترک کر دے گا۔ نیٹو کے سیکرٹری کنرل جینز سٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو کے تمام ارکان یوکرائن کی رکنیت کے حامی ہیں۔ امریکہ کے جسٹس ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ اس نے روس کی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کا تیار کردہ خطرناک کمپیوٹر وائرس ناکارہ بنا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی انٹیلی جنس ایجنسی دو دہائیوں سے اس وائرس کے ذریعے 50 ممالک کی جاسوسی کر رہی تھی جن میں ایک نیٹو رکن ملک بھی شامل تھا۔ ایف ایس بی نے پوری دنیا کے کمپیوٹرز میں سنیک یا یوروبروس وائرس ڈال دیا تھا جس کی توجہ کا مرکز حکومتی نیٹ ورکس، ریسرچ ادارے اور صحافی تھے۔ امریکہ نے یوکرائن کیلئے 1.2 ارب ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکیج کا اعلان کردیا جس میں اضافی فضائی دفاعی نظام اور جنگی سازوسامان شامل ہیں۔