کال دینے والے یہاں آکر دکھائیں: قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے: مراد شاہ
کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ احتجاج کی کال دینے والے یہاں آکر دکھائیں،صوبے بھر میں کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے، نقصانات کا حساب ہر صورت لیا جائے گا۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا،ترجمان کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ احتجاج کے نام پر دو بائوزرز،ایک بس اور چیک پوسٹ کو آگ لگائی گئی۔وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ نقصانات کا حساب ہر صورت لیا جائیگا، توڑپھوڑ کے بعد شہر میں صفائی ستھرائی کی گئی۔مراد علی شاہ نے کہاکہ لوگوں کو ہدایت ہے کہ اپنے اپنے کام پر جائیں کوئی کسی کو روکنے کی جراٗت نہیں کریگا، اگر کسی شر پسند نے کوئی حرکت کی تو سختی سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے، احتجاج کے نام پر دو بائوزرز،ایک بس اور چیک پوسٹ کو آگ لگائی گئی، نقصانات کا حساب ہر صورت لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میرا کوئی لینا دینا نہیں، وہ بے قصور ہو گا تو عدالت سے ریلیف مل جائے گا۔مراد علی شاہ نے کہاکہ میرا مقصد صوبے میں امن و امان قائم رکھنا ہے، واٹر اور پولیس گاڑیوں کو جلانا افسوسناک ہے۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدی گئی بسوں کو جلایا گیا، پولیس کو شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ڈبل میسیجنگ کر رہے ہیں کوئی کہتا ہے پر امن رہو کوئی کہتا ہے باہر نکلو۔