• news

نوائے وقت کی خبر پر صوبائی محتسب کا ازخود نوٹس‘ ملبہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن پر ڈال دیا گیا


لاہور (خبر نگار) لاہور کے گلی محلوں میں خلاف قانون 400کے قریب شادی ہالز اور مارکیز بنائے جانے کی نوائے وقت کی خبر پر صوبائی محتسب کے ازخود نوٹس میں دوہرا معیار، لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے )کو شامل تفشیش کیے بغیر سارا ملبہ میٹر وپولیٹن کارپوریشن کے افسران پر ڈال دیا گیا۔ روزنامہ نوائے وقت میں 25 جنوری 2023ءکو غیر قانونی شادی ہالز اور مارکیز کی شائع ہونے والی خبر پر صوبائی محتسب نے ایکشن لیتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپویشن کی بلڈنگ برانچ کے خلاف تحقیقات مکمل کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیونٹی اینڈ ڈویلپمنٹ کو پیڈا ایکٹ 2006ءکے تحت ملوث افسران وملازمین کے خلاف کارروائی کر کے مفصل رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس حوالے سے محکمہ بلدیات کے ترجمان کاکہنا ہے کہ صوبائی محتسب کی جانب سے دوہرا معیار اپناتے ہوئے ایل ڈی اے سے باز پرس نہ کی گئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محتسب کے ترجمان کا کہنا ہے ہم نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو لکھ کر بھیج دیا ہے۔ اگر محکمہ بلدیات کی جانب سے ایل ڈی اے کے خلاف بھی منصل رپورٹ دی گئی تو اس پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم ہماری تحقیقات ابھی زیر عمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن