بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے:ڈاکٹر قبلہ ایاز
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ علماءمعاشرے سے منافرت کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی کو متحدہ علماءبورڈ پنجاب کا چیئرمین بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امید ہے کہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی قیادت میں متحدہ علماءبورڈ بین المذاہب ہم آہنگی کےلئے فعال کردار ادا کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو متحدہ علماءبورڈ کا چیئرمین تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں سابق چیئرمین متحدہ علماءبورڈ پنجاب علامہ طاہر اشرفی، مفتی رمضان سیالوی، مولانا عبدالخیر آزاد، مفتی انتخاب احمد نوری نے بھی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نعیمین ایسوسی ایشن کے صدر مفتی ندیم قمر نے وفدکے ہمراہ ڈاکٹر راغب نعیمی سے ملاقات کی اور چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد اور گلدستہ پیش کیا۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ مجھے آپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور میں نے ان تمام مشوروں اور حمایت کی واقعی قدر کی ہے جو آپ نے مجھے یہاں اپنے وقت کے دوران دی ہیں، مجھے احساس ہے کہ آپ اپنے نئے کردار کا اثاثہ ہوں گے۔