انسان کی اصل طاقت اس کی ذہنی صلاحیتوں میں پنہاں ہے، احسن اقبال
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے جامعات کے جامعات کے معذور طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی اصل طاقت اس کی ذہنی صلاحیتوں میں پنہاں ہے اور ذہنی صلاحیتوں کا مثر استعمال انسان کی کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہے۔ احسن اقبال ایچ ای سی کی الیکٹرک وہیل چیئرز کی تقسیم کے سلسلے میں منعقد کردہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں 50طلبا میں وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر اسکیم کے آخری مرحلے کے تحت وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔2017 میں شروع کی جانے والی اسکیم کے پہلے مرحلے میں 206، جبکہ دوسرے مرحلے میں 159وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ احسن اقبال نے معروف سائنسدان اسٹیفن ہاکینگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہر صحتمند فرد یا جسمانی طور پر چیلنج شدہ فرد ذہنی صلاحیتوں کے صحیح استعمال سے ہی ترقی اور کامیابی کے زینے عبور کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل درست فصلوں پر منحصر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر اسکیم کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام معذور طلبا میں الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے لیے 2017 میں شروع کیا گیا۔
تاکہ ان کے تعلیمی سفر میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اگلے مرحلے میں سماعت اور بینائی سے محروم طلبا میں ضروری آلات تقسیم کیے جائیں گے۔ الیکٹرک وہیل چیئر ز وصول کرنے والے طلبا نے بھی اظہار خیال کیا اور وہیل چیئرز کی فراہمی کی اس اسکیم کی تعریف کی۔ تقریب میں ایچ ای سی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل، ڈائریکٹر جنرل اسکالرشپس عائشہ اکرام اور دیگر ایچ ای سی افسران نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں وزیز منصوبہ بندی جناب احسن اقبال نے ایچ ای سی کے ریسرچ فار انوویشن (Research for Innovation) پورٹل کا بھی افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ پورٹل شعبہ تعلیم، انڈسٹری اور حکومت کے مابین ربط کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے پورٹل کی افادیت اور خصوصیات پر بریفینگ دی۔
احسن اقبال