ایشیا کرکٹ کپ، سری لنکا، بنگلہ دیش نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ 2023 ء کیلئے بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کردی۔پی سی بی نے ایشیا کپ کیلئے اے سی سی کو ایک بار پھر ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو جبکہ باقی ملکو ں کے میچز پاکستان میں ہوں گے۔پی سی بی حکام نے کہا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ، بورڈ کے پاس سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ای میلز ہیں۔ایشیا کپ 2022 ء میں 27 اگست سے 11 ستمبر تک یو اے ای ، 2018 میں 15 سے 28 ستمبر تک کھیلا گیا ، رواں برس بھی کچھ یہی ونڈو ایشیا کپ کیلئے ہے۔ بنگلہ دیش اور سری لنکن بورڈ نے اعتراض اٹھا دیا اور دونوں بورڈ ز کو یو اے ای میں میچز پر اعتراضات ہیں، لاجسٹک اور سفری معاملات پر اعتراض بھی اٹھایا۔سری لنکا کے سیکرٹری کرکٹ موہن ڈی سلو نے کہا کہ اے سی سی کو لکھا ہے کہ ہم ہائبرڈ فارمولے کیخلاف ہیں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ، یو اے ای میں گرمی بہت ہوتی ہے، پی سی بی کیلئے تجویز ہے کہ وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرح ایشیا کپ دوسرے وینیو پر کرائے، اگر سری لنکا کو ایشیا کپ کروانے کی آفر دی جاتی ہے تو ہم قبول کریں گے، ایشیا کپ کو سر ی لنکا میں کروانے کیلئے تیا رہیں، پھر چاہے آفیشل میزبان پاکستان ہی رہے۔ پی سی بی حکام نے ایشیاکپ دوسرے وینیو پر کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان کے علاوہ دوسرے وینیو پر کرایا جاتا ہے توہم نہیں کھیلیں گے۔