• news

عدالت کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا گیا، توشہ خانہ کیس کا تحریری فیصلہ 


اسلام آباد (اے پی پی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جمعرات کو دو صفحات پر مشتمل جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فرد جرم کی کارروائی سے قبل عمران خان کے وکلاءکی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے۔ اعتراضات کو مسترد کیا جاتا ہے، ملزم پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی جانب سے عدالت کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا گیا، ملزم نے چارج شیٹ پر دستخط کرنے سے انکار کیا۔ عدالت استغاثہ کے گواہان کو 13 مئی کیلئے نوٹس جاری کرتی ہے۔13 مئی کو گواہان پیش ہو کر اپنے بیانات قلمبند کروائیں۔ خواجہ حارث کی جانب سے عدالت پر اعتراض اٹھایا گیا اور جج تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی۔ اعتراض اٹھایا گیا کہ5 مئی کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں، جب تک اپیل پر فیصلہ نہیں ہو جاتا، عدالت کیس نہیں سن سکتی، اعتراض اٹھایا گیا کہ سماعت سے ایک دن قبل عدالت کا مقام تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اعتراض میں کہا گیا مقام تبدیل کرنا انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی جانب سے 5 مئی کا آرڈر تاحال چیلنج کیا گیا نہ اس پر کوئی حکم امتناع دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن