• news

پی ڈی ایم کا اجلاس آج، جو بھارت نہ کر سکا پی ٹی آئی نے کر دیا: فضل الرحمن 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت جو ہمارے ساتھ نہیں کر پایا وہ پاکستان تحریک انصاف نے کر دکھایا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو پر حملے، کور کمانڈر کے گھر پر حملے اور شہداءکی یادگاروں کی توہین کے باوجود چیف جسٹس نے عمران خان کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ عمران خان کو کہا گیا کہ ان واقعات کی مذمت کریں، انہوں نے مذمت سے بھی انکار کردیا۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ کیا عدالت کے احاطے سے صرف ایک شخص کی گرفتاری ہوئی؟۔ مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ آج جو فیصلہ آیا ہے اس کی آڈیو ایک روز پہلے چل چکی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جو آڈیو آئی ہے اس میں فیصلے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے شہداءکی یادگار کو توڑا، ان کے لیڈر کے آنے پر کہا گیا کہ آپ کے آنے سے خوشی ہوئی۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان پر غداری کا مقدمہ درج ہوتا۔ انہوں نے کہا آج پی ڈی ایم اور حکومتی سطح پر سفارت مرتب کریں گے، ردعمل دیں گے۔ جے یو آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ آج پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ آج اجتماعی فیصلہ کیا جائے گا۔ کیا عدالت کے احاطے سے صرف اس ایک شخص کی گرفتاری ہوئی؟۔ کیا ایسی عزت نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری، فریال تالپور کو بھی دی گئی؟۔ عمران خان کے مخالفن کو تو عدالت میں مہینوں تاریخ کا انتظار کرایا جاتا تھا۔ 
فضل الرحمان

ای پیپر-دی نیشن