• news

اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے جاری ، شہدا کی تعداد 27 ، خواتین ، بچوں سمیت کمانڈر شامل 


غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل کے غزہ پر مسلسل فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 27 ہو گئی ج ن میں پانچ خواتین اور پانچ بچوں سمیت اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔ الجزیرہ کے نمائندہ خصوصی کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز اور اسلامی جہاد کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں تین کمانڈرز کی شہادت کے بعد غزہ سے چار سو سے زائد راکٹس فائر کیے گئے جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی ناکارہ بنا د یا گیا اور کچھ اسرائیلی سرزمین پر گرے۔ غزہ سے داغے گئے راکٹس میں اسرائیلی سرزمین پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ان راکٹس حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے تازہ حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر فضائی حملوں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس عمارت کو راکٹس کی تیاری اور لانچنگ کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں اضافہ ہوا ہے جس میں ایک کماندر سمیت 27 افراد شہید اور 76 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو گہری چوٹیں آئی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بمباری اور کئی علقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن