• news

آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو ، پاکستان ڈیفالٹ نہیں کریگا : اسحاق ڈار 

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری دی ہیں۔ جمعرات کو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے میں تاخیر پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق معاہدے کیلئے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بارے میں ناانصافی پر مبنی عالمی سیاست ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ڈیفالٹ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ بین الاقوامی سطح پر لوگ حیران ہیں پاکستان مینج کیسے کر رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک عالمی ریٹنگ ایجنسی نے بھی ممکنہ ڈیفالٹ سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔ پاکستان کو جون تک 3.7 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، پاکستان تمام وعدے پورے اور بروقت ادائیگیاں کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 فروری کو تکنیکی مذاکرات ختم ہوگئے تھے۔ ایکسٹرنل اکاو¿نٹ سے متعلق گیپ کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت چاہتا ہے تو مزید وقت لے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا۔ عالمی اداروں کو پاکستان سے متعلق ڈیفالٹ کی باتیں نہیں کرنا چاہیے، دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے کیے گئے جو جلد پورے ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن