عالمی ادارہ صحت کا منکی پاکس کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان
نیویارک(این این آئی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے ایک سال بعد عالمی وبا منکی پاکس کی گلوبل ہیلتھ ایمرنسی کے خاتمے کا اعلان کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے کمی کی وجہ سے اس کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ بیماری ختم ہوگئی بالخصوص افریقہ کے ان علاقوں میں جہاں یہ بیماری طویل عرصے سے وبائی مرض اختیار کرچکا ہے۔یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب ایک ہفتے قبل عالمی ادارہ صحت نے 5 مئی کو کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا تھا کہ کورونا کی گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی ختم کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ اس حوالے سے ہمارا کام ختم ہوچکا ہے۔انہوں نے آن لائن کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس اور کووڈ-19 کی ہنگامی صورتحال کا خاتمہ ہوچکا ہے لیکن دونوں وبا کے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہونے کا امکان اب بھی موجود ہے۔