• news

بلوچستان : ایف سی کیمپ ، چوکی پر حملے ، جھڑپیں ،7 دہشتگرد ہلاک ،2 جوان شہید 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلم باغ میں ایف سی کیمپ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی براہ راست نگرانی کورکمانڈر 12 کور خود کر رہے ہیں۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے ایف سی کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دو جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ وزیر داخلہ نے شہداءکے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس عفریت کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلم باغ میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی براہ راست نگرانی کورکمانڈر 12 کور خود کر رہے ہیں ۔ اس مقام پر دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ دہشتگردوں نے 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب حملہ کیا۔ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فرار دہشت گردوں کا بلور کے قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ پوری کامیابی سے پسپا کر دیا اور ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن