فتنہ عدالت میں چھپا رہا‘ چیف جسٹس سیاسی ردعمل کیلئے تیار رہیں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا رہا۔ عدالت سے گرفتار کرنا غلط ہے تو کیا ایک مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے؟۔ شرم آتی ہے اس دوہرے معیار پر۔ چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہر علامت کو جلا کر راکھ کردیا۔ ایسے شخص کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنا، اسے شاہی مہمان بنا کر رکھنا، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔ چیف جسٹس صاحب! آپ اب عدلیہ ہی نہیں، آئین و قانون، نظام انصاف اور ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشتگرد کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں۔ آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لئے تیار رہیں۔