پنجاب میں انتخابات ، الیکشن کمشن کی نظرثانی اپیل پر سپریم کورٹ پرسوں سماعت کریگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے 14 مئی کے فیصلے پر الیکشن کمشن کی نظر ثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔ الیکشن کمشن کی 14 مئی کو انتخابات کرانے کے فیصلے پر نظرثانی درخواست کی سماعت 15 مئی کو ہوگی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے نظر ثانی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں رکھتی۔ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کی بجائے ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کرائے جائیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ 14 کو پنجاب میں انتخابات کروانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اپنا فیصلہ واپس لے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس 16 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا۔ اس کیس کی آخری سماعت 16 مارچ کو کی گئی تھی۔ عمران خان نے موجودہ حکومت کی نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔