• news

ہائیکورٹ: ویک اینڈپر ریسٹورنٹس رات 12بجے تک کھولنے کی اجازت

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ سے بچائو کے لیے دائر درخواستوں پر ٹری آفیسر کی تعیناتی اور اس کی ذمہ داریوںں کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے ویک اینڈ پر ریسٹورنٹس کے لیے رات بارہ بجے تک اوقات میں نرمی کی اجازت دیدی۔ عدالت نے حکم دیا کہ بیکریاں روزانہ کی بنیاد پر اسی طرح کے اوقات پر عمل کریں گی۔ عدالت نے سموگ سے بچائو کے قوانین نہ بنانے پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے لاہور میں پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے قصور کی ٹینریز انڈسٹریز کے پانی کی آلودگی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جوڈیشل واٹر کمیشن، ڈبلیو ڈبلیو ایف، پی سی آر ڈبلیو آر اور آب پاک زیر زمین پانی کے نمونے لینے کے منصوبے کی نگرانی کرے گا۔ عدالت نے پانی کی صفائی کے لیے تجاویز کے ساتھ تجزیہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالتی حکم پر لاء افسر اور سرکاری افسران پیش ہوئے۔ عدالت میں سپر سیڈر کے استعمال بارے کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی۔ عدالت نے محکمہ زراعت کو سپر سیڈر کے استعمال بارے پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ایم ڈی واسا نے رائل پام کے واٹر چارجڈ بلوں میں تضاد کی انکوائری کی۔ انکوائری کے بعد تین ملازمین کو معطل کر دیا۔ پانی کا ماہانہ بل طے کردیا گیا ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب گرین پراجیکٹ وقار الحسن نے درخت لگانے کے فنڈز بارے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں درخت لگانے کے لیے عالمی بینک کے 273 ملین ڈالر کے فنڈ کی دستیابی پر جواب جمع کرایا گیا۔ وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ درخت لگانے کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن