• news

پی ڈی ایم جلسوں کی بجائے نظام ٹھیک کرنے پر توجہ دے: سراج الحق

لاہور  (خصوصی  نامہ نگار)  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت میں ہوتے ہوئے پی ڈی ایم کی ذمہ داری ہے کہ جلسوں کی بجائے نظام ٹھیک کرنے پر توجہ دے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے کی کال پر جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اپنی غیرجانبداری ثابت کرنا ہوگی، لڑائی نہ روکی تو گلی کوچوں تک پھیل جائے گی، اسلام آباد سازشوں کا گڑھ بن گیا۔ عوام کو فیصلے کا اختیار دیا جائے، ایمرجنسی یا مارشل لا مسائل کا حل نہیں، بحران مزید بڑھے گا، سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کریں، جتنی ضرورت ڈائیلاگ کی آج ہے پہلے نہ تھی، تمام صورت حال کے براہ راست متاثرین ملک کے کروڑوں غریب لوگ ہیں۔ ملک تیزی سے انارکی کی جانب بڑھ رہا ہے، عوام کو فیصلے کا اختیار نہ دیا گیا تو موجودہ لڑائی گلی کوچوں میں پھیل جائے گی، یوں دکھائی دیتا ہے کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور ان کے سرپرستوں نے ایٹمی اسلامی پاور کو خدانخواستہ سوڈان بنانے کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ ملک کو انارکی سے بچانے کے لیے سیاسی جماعتیں بلوغت کا مظاہرہ کریں۔ بطور سٹیک ہولڈر جماعت اسلامی تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتی ہے کہ الیکشن پر راضی ہو جائیں، شفاف الیکشن کے لیے عوام کو سازگار ماحول مہیا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔  کراچی کے دو روزہ دورے سے واپسی پر منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں انصاف اور قانون صرف طاقتور کے لیے ہے جس کے لیے عدالتیں ہر وقت کھلی ہیں جب کہ غریب کو انصاف کے لیے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کے لیے تباہ کن ہے، گزشتہ دو تین روز میں جو کچھ ہوا نگران حکومتیں بھی اس کی ذمہ دار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن