• news

صنعتوں کا پہیہ چالو رکھنے والے مزدور اور ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں: گورنر

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ چالو رکھنے والے مزدور اور ورکرز ہمارا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی اور اسے مضبوط خطوط پر استوار کرنے میں محنت کش طبقے کا کلیدی کردار ہے۔ محنت کش طبقے کو حقوق دیئے بغیر پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اور اجرت میں اضافہ کیا ہے اور اس سال بھی حکومت نے مزدوروں کی ماہانہ اجرت میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ جنرل سیکرٹری چوہدری سجاد احمد گجر نے کہا کہ حکومت کا مزدوروں کی اجرت میں اضافہ بہت احسن اقدام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن