کور کمانڈر پشاور کا ریڈیو پاکستان کا دورہ، نقصانات کا جائزہ
پشاور (بیورو رپورٹ) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے جمعہ کے روز ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا۔ انہوں نے بدھ کے روز پرتشدد مظاہروں کے دوران نذر آتش ہونے والے ریڈیو سٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر کو ریڈیو پاکستان میں ہونے والے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات نے ریڈیو پاکستان کے عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور ہدایات جاری کیں کہ ریڈیو پاکستان کی بحالی میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہیں بتایا گیا کہ پاک فوج کا عملہ مختلف کاموں کے حوالے سے ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی اور صفائی میں مصروف عمل ہے ۔ کورکمانڈر پشاور نے متاثرہ ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کیلئے پاک فوج کی طرف سے ٹرانسمیٹر کی تنصیب، عمارت کی مرمت کرنے کے علاوہ ہر قسم کی مکمل مدد کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں مکمل علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔ یاد رہے پاک فوج کے تعاون سے گذشتہ روز ہی ریڈیو نے اپنی نشریات دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ جو کہ اس بات کا عزم ہے کہ فوج اور عوام ساتھ ساتھ ہے۔