• news

عمران خان کی کفالت کی جارہی ، عدلیہ سہولت کاری نہ کرے : خواجہ آصف 

سیالکوٹ (اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملے ریاست دشمنی کے مترادف ہیں، جو کام دشمن نہ کر سکا وہ کام عمران خان اور اس کے حواریوں نے کر دکھایا۔ شرپسندوں کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔ پی ٹی آئی خواتین کے ساتھ بدتمیزی ہوئی جس پر شرمندہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سہولت کاری کے بجائے آئین اور قانون کے مطابق چلا جائے۔ کسی نے عمران خان سے متعلق اگر کوئی مقدمہ سوچا بھی ہے تو اس میں بھی اس کو ضمانت دے دی گئی، یہ کونسا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ جب ایک ملزم کو دیکھ کر وش یو گڈ لک اور یہ کہا جائے کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی تو انصاف کی کیا توقع کی جا سکتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے تمام چہرے ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے نواز شریف کی سیاست آج بھی قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کر رہی ہے جو عمران خان اور اس کے حواریوں کو برا لگ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، جنہیں ہر صورت سزا دی جائے گی لیکن صدر مملکت عارف علوی کے منہ سے املاک اور اداروں پر حملہ آور ہونے والے شرپسندوں کے بارے ایک لفظ تک نہیں نکلا جو افسوسناک امر ہے۔ عمران خان کے غرور و تکبر کا یہ حال ہے کہ ابھی دور دور تک ان کے اقتدار کی کوئی امید تک نہیں لیکن ابھی سے تڑیاں لگا رہے ہیں، خواجہ محمد آصف نےسیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنماﺅں کے گھروں پر توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار اور دیگر پی ٹی آئی رہنما اگر اجازت دیں تو میں ان کے گھر جا کر بھی معذرت کرنے کو تیار ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آنے والے بجٹ میں حکومت عوام کو100 فیصد ریلیف دینے کی کوشش کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن