کنٹرول لائن کے قریب ہزاروں افراد کی ریلی ، جی 20 اجلاس کے دن تاریخی ہڑتال ہوگی : فاروق حیدر
چناری، ہٹیاں بالا، سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی اپیل پر لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقے چناری میں عوام کا سمندر امڈ آیا۔ تاریخ ساز ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت ،ہندوستان کے خلاف بھرپور نعرے بازی، جی 20 کانفرنس کے مقبوضہ کشمیر میں سیشن کے دن آزادکشمیر بھر میں تاریخی پہیہ جام شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کی کال، جلد سیز فائر لائن کی جانب مارچ کا عندیہ، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے تیاریاں شروع کر دیں۔ راجہ فاروق حیدر کی سیاسی قائدین، وکلا، تاجران سول سوسائٹی، طلباءسے تعاون کی اپیل، سابق وزیراعظم کو ضلع جہلم ویلی کے انٹری پوائنٹ سے بڑی ریلی کی شکل میں چناری لے جایا گیا۔ تمام لیگی ممبران ضلع کونسل، اراکین لوکل کونسل و امیدواران جلوس کی شکل میں شریک ہوئے۔ ہندوستان کے خلاف اور آزادی کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔ ریلی چناری بازار میں پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ تاجروں نے بھی علامتی شٹر ڈاو¿ن کے ذریعے اظہار یکجہتی کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جی 20 کانفرنس کے دن پورے آزادکشمیر میں تاریخ ساز شٹر ڈاو¿ن، پہیہ جام کر کے یہ پیغام دینگے کہ کشمیری ہندوستان کے اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے سب باہر نکلیں۔ سیاسی قیادت کشمیر کو ترجیح اول میں رکھے اور ایک ہو جائے۔ ہندوستان کے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ وزیراعظم پاکستان، وزیرخارجہ، آرمی چیف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس معاملے پر بھرپور کردار ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر جانے والے ممالک میں 5 ممالک وہ ہیں جنہوں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی حمایت میں قرارداد کی حمایت کی تھی۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ سعودی عرب چین امریکہ ترکی سمیت دیگر ممالک سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیشن کا بائیکاٹ کریں۔ ریلی سے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن زاہد امین، کاشف مرزا آصف نے بھی خطاب کیا۔