• news

”دائرہ اختیار سے باہر “ سیشن عدالت : عمران غیر شرعی نکاح کیس درخواست ناقابل سماعت قرار 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان غیر شرعی نکاح کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ہے۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج نصرمِن اللہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدت میں نکاح کے کیس کی درخواست عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اس سے قبل عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کیس میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدت کے دوران شادی غیر قانونی ہے۔ جنوری 2018ءمیں بشریٰ بی عدت میں تھیں اور طلاق نومبر میں ہوئی۔ اگر شادی قانونی تھی تو دوبارہ نکاح کیوں کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان کا نکاح لاہور میں ہوا، اس عدالت کا دائرہ اختیار کیسے بنتا ہے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ اگر گولیاں ایک جگہ لگی ہوں اور موت دوسری جگہ واقعہ ہوتی ہے تو دونوں جگہ ٹرائل ہو سکتا ہے۔ بنی گالہ سے فراڈ شروع ہوا اور نکاح لاہور میں ہوا۔ نکاح کا عمل اسلام آباد سے شروع ہوا اس لیے یہ معاملہ اسلام آباد کی عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا۔ عمران خان وزیراعظم بننے کیلئے بےتاب تھے اس لیے عدت میں نکاح کیا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف اسلام آباد کے شہری نے درخواست دائر کی تھی۔ جسے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان غیر شرعی نکاح کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن