ظل شاہ قتل کیس میں عمران کی حفاظتی ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاہور میں درج ظلِ شاہ قتل کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت سے جاری 3صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں عدالت نے کہاکہ عمران خان کی پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض 22 مئی تک ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ 22 مئی تک متعلقہ عدالت سے رجوع کریں، وکیل درخواست گزار کے مطابق مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ انصاف کی فراہمی کیلئے ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔ پولیس نے اس کیس میں عمران خان کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔ پولیس نے لاہور ہائیکورٹ میں بیان دیا کہ عمران خان کی اس کیس میں گرفتاری کی ضرورت نہیں،وکیل درخواست گزار کے مطابق خدشہ ہے کہ عمران خان لاہور پہنچیں گے تو گرفتار کر لیا جائے گا۔ عمران خان کی 22 مئی تک کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹا دی۔