• news

تعلیمی ادارے کھل گئے‘فیڈرل‘ پنجاب بورڈز کے ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی ڈیٹ شیٹ جاری

فیصل آباد‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) تین روز کی بندش کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری تعلیمی ادارے آج کھل گئے۔ سرکاری سکولوں میں حاضری معمول سے انتہائی کم رہی۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ کلاس نہم کے پہلے سالانہ امتحانات (سیکنڈری سکول فرسٹ اینول ایگزامز میٹرک پارٹ 1) 2023ء کے ملتوی ہونے والے بدھ 10مئی کے ترجمۃ القرآن، جمعرات11 مئی کے کیمسٹری و جنرل سائنس اور جمعہ 12 مئی کے اسلامیات لازمی کے پیپرزکے انعقاد کی نئی تواریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اب نئے نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں ترجمۃ القرآن کا پرچہ17مئی بروز بدھ، کیمسٹری و جنرل سائنس کا18مئی بروزجمعرات اوراسلامیات لازمی کا پیپر19مئی بروزجمعہ کو ہوگا۔ سربراہان ادارہ اپنے اپنے ادارہ کے طلبا و طالبات کی نئی رول نمبر سلپیں ڈاؤن لوڈ کرکے امتحان دینے والے کلاس نہم کے متعلقہ امیدواروں کو فراہم کر دیں۔  پرائیویٹ امیدواران اپنی ریوائز رول نمبر سلپیں بورڈ کی ویب سائٹwww.bisefsd.edu.pkسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے بھی میٹرک کے ملتوی ہونے والے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے اور انٹرمیڈیٹ کی بھی نئی تاریخوں کے ساتھ ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی۔ نئی تاریخوں کا شیڈول فیڈرل بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن