آزاد کشمیر حکومت کی معاشی ترقی ‘خوشحالی کیلئے تعاون کریں گے، اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کی معاشی ترقی اورخوشحالی کی کوششوں میں ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق سے ملاقات میں کہی ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے وزیر خزانہ کوآزادکشمیر میں ترقیاتی سکیموں اور منصوبوں اور ان کیلئے مالیاتی انتظامات سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا اور آزاد کشمیر سمیت تمام علاقوں کی ترقی وخوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر خزانہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی حکومت کی معاشی ترقی اورخوشحالی کی کوششوں میں ممکنہ تعاون کا بھی یقین دلایا ۔ انوار الحق نے کشمیری عوام کی ترقی کے لیے تعاون فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔