آئی ایم ایف کی شرط ‘بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر پرٹیکس کی تجویز
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرط پر آئندہ بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر میں فائلزکی لین دین پرٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ کی لین دین کرنے والے ایجنٹس کو رجسٹرڈ کیا جائے گااور رجسٹرڈ پراپرٹی ایجنٹس پر فائلوں کی لین دین پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں پلاٹس کی خرید و فروخت کرنے والے نان فائلرز کیلئے ٹیکسز کی شرح دگنی کی جائیگی جبکہ اس وقت فائلرز کیلئے پلاٹ کی خریدوفروخت پر 2 فیصد ودہولڈنگ اور 2 فیصد گین ٹیکس عائد ہے۔ ذرائع کے مطابق پلاٹ کی خرید و فروخت پر نان فائلرز کیلئے7 فیصد ودہولڈنگ اور 4 فیصد گین ٹیکس عائد ہے، بجٹ میں پلاٹ کی خرید و فروخت پر فائلرز اور نان فائلرز کیلئے ٹیکس بھی بڑھانے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹس میں فائلوں کی خریدوفروخت پر ٹیکس میکنزم نہ ہونے کے باعث ٹیکس چوری ہو رہا ہے۔