عمران نے کہا عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے: تنویر الیاس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے باعث لانگ مارچ 2 دن آگے کی درخواست پر عمران خان نے کہا جنرل عاصم منیرکو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویر الیاس نے مزید کہا کہ عمران خان سازش کے تحت فوج اور آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے 2 دن قبل تحریک انصاف کا لانگ مارچ اسی سازش کی کڑی تھی، عدم اعتماد کے وقت عمران خان چاہتے تھے فوج اسے ناکام بنائے، فوج نے اس ساری صورتحال میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں کہا اب فوج مخالف بیانیہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن بعد کاغذ کا ٹکڑا لہرا کر اپنی فوج کو میرجعفر اور میرصادق جیسے القابات سے نوازا گیا۔ عمران خان نوجوانوں کے ذہنوں میں فوج کے خلاف جذبات بھڑکا رہے ہیں۔ سردار تنویر الیاس کا کہنا تھاکہ سلیپر سیلز کے ذریعے فوجی تنصیبات پر حملے کرائے جارہے ہیں۔ عمران خان کے دور حکومت میں بدترین گورننس رہی۔ تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کسی رہنماءنے آج تک قومی اداروں کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کی جو عمران خان نے کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ میڈیا رائے عامہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، میری حکومت جب جانے والی تھی تب سے پی ٹی آئی چیئرمین نے قومی اداروں کے خلاف مختلف بیانیے بنائے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ میٹنگ میں پاک فوج کو بھارتی فوج کی طرح دیکھا جاتا تھا۔ کئی ایجنڈے بنائے گئے، ایکسٹینشن دینے کے بعد عمران خان جنرل باجوہ کو جنرل ایکس کہہ رہے ہیں، فوج کے حوالے سے جنرل باجوہ کو خود ایکسٹینشن دی، پی ٹی آئی کی سی ای سی میں سینئر فوجی افسران کو نک نیمز سے پکارا جاتا تھا۔
تنویر الیاس