• news

کچہ میں آپریشن کا 36 واں روز ، اکثریتی علاقہ ڈاکوو¿ں سے کلئیر ، سکول ، فری ڈسپنسریاں قائم 


لاہور (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر رحیم یار خان اور راجن پور کچہ کے علاقہ میں پولیس ٹیموں کا جرائم پیشہ عناصر اور کریمنل گینگز کے خلاف آپریشن 36 روز سے جاری ہے۔ کچہ کا اکثریتی علاقہ ڈاکوو¿ں سے کلیئر کروایا جا چکا ہے۔ پولیس کے آپریشن میں تین ڈاکو ہلاک، اٹھائیس گرفتار اور پانچ سرنڈر ہو چکے۔ بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ خطرناک مجرمان کی متعدد کمین گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کا مستقل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ علاقہ کٹانی چک چراغ شاہ میں سکولز اور ڈسپنسریاں قائم کر دی گئیں ہیں، جہاں شہریوں کو ایمرجنسی کی مفت ادویات اور بچوں کو بنیادی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ سکولوں میں پنجاب پولیس کے جوان بطور استاد خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ڈسپنسریوں میں پنجاب پولیس کا تربیت یافتہ میڈیکل عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس نے عمارت نہ ہونے پر شامیانے میں ہی سکول اور ڈسپنسری قائم کر کے عملہ تعینات کر دیا۔ کچہ پولیس سکولز میں آنے والے بچوں کو کتابیں و دیگر ضروریات و تعلیم مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے سکول اور ڈسپنسری کے قیام پر کچہ کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عوام کیلئے ویلفیئر پراجیکٹس کا آغاز کرنے پر کچہ کے عوام نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل اور مقامی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
 کچہ آپریشن 

ای پیپر-دی نیشن