بحران کا واحدحل سپریم کورٹ پنجاب انتخابات کاحکم واپس لے:ساجد میر
لاہور( خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ججز کے جانب دارانہ رویوںکے خلاف پی ڈی ایم نے احتجاج اور دھرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بحران کا ایک ہی حل ہے کہ سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے حکم کو واپس لے اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔اجلاس میں ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، نائب امیر مولانا ابوتراب سمیت ملک بھر سے ارکان عاملہ نے شرکت کی۔ پروفیسر ساجد میر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے پرتشددمظاہروں میں فوجی وقومی املاک اورتنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح لاڈلے کو ضمانتیں دی گئیں اس کی مثال دنیا کی کسی عدالت میں نہیں ملتی۔ کورٹس کے ان رویوں کودیکھ کر پی ڈی ایم نے انتہائی اقدام اٹھایا ہے۔ اسی طرح14مئی کے انتخابات کے انعقاد کا نادر شاہی فرمان جاری کرنا،سٹیٹ بنک کو انتخابات کرانے کیلئے پیسوںکی ادائیگی اور سکیورٹی کیلئے اداروں کو مجبور کرنا اور اس پر حکومتی موقف سنے بغیر یک طرفہ فیصلے کرناناانصافی پرمبنی رویہ ہے۔اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مرکزی امیر پروفیسر ساجدمیر اور ناظم اعلی حافظ عبدالکریم کی خدمات کا اعتراف کیا گیااور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا گیا۔
اور کہا گیا کہ جماعتی نظم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔