شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس جانے والا ریلوے کاوفد وطن واپس پہنچ گیا
لاہور(نیوز رپورٹر) چیئرمین ریلوے کی قیادت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ریلوے کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جانے والا وفد سہ روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک پاکستان، چین، بھارت، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وفود نے مسافروں کی حفاظت، مال بردار نیٹ ورکس، موجودہ ریل انفراسٹرکچر، آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور رکن ممالک کے درمیان ریل کے ذریعے رابطے سے متعلق امور پر بات چیت میں حصہ لیا۔ وفود نے ریل نیٹ ورک کو مضبوط کرنے اور وسعت دینے، جدید ترین فریٹ ٹرمینلز کی تعمیر اور متفرق مسائل کو حل کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم کی دعوت پر کیا گیا۔ امسال اس کی میزبانی بھارت نے کی ہے۔