ایشین کرکٹر کونسل ایشیا کپ کے حوالے سے آج حتمی فیصلہ کریگی
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹر کونسل ایشیا کپ کے حوالے سے آج حتمی فیصلہ سنائےگی۔ نجم سیٹھی نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ پاکستان میں ہونے سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو نہیں ملتی تو ہمیں اس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ اے سی سی نے آج پیر تک جواب دینے کا کہا ہے۔ پی سی بی کی ٹیم کو کہا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان کے بغیر ہونے کی صورت میں 3ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔ امید ہے کہ یہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئےگی اور تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ ہم بھارتی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن پھر ورلڈکپ میں انہیں یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔ اگر بھارتی ٹیم لاہور، راولپنڈی یا کراچی میں کھیلنے کیلئے رضامند ہے تو ہمیں بھی کولکتہ، احمد آباد یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ 6ماہ سے ملک میں سابق وزیراعظم کی احتجاجی تحریک جاری ہے۔ اسی دوران انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیریز کھیل کر گئیں۔ موجودہ ملکی صورتحال عارضی ہے، ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے۔ احمدآباد میں کھیلنے کا سوال بعد میں آئے گا، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم شرکت کیلئے بھارت جائیں۔