• news

القادر ٹرسٹ کیس: بشریٰ بی بی کی 23مئی تک حفاظتی ضمانت منظور

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 23 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ بشری بی بی نے اسلام آباد احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے عدالت دس روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہیں؟۔ وکیل بشری بی بی نے کہا عدالت سے معذرت خواہ ہوں کچھ دیر میں پیش ہوجائیں گے۔ جس پر عدالت نے کہا عدالتوں کو انتظار کرانا مناسب نہیں، اس کی پذیرائی نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے بشری بی بی کو سوا دو بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔ عدالت نے کہا سوا دو سے دو سولہ ہوئے تو درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے کہا کہ راستے میں ہیں، انتہائی ادب سے گزارش ہے مہلت دی جائے۔ بشری بی بی شوہر عمران خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکلاءکی عمران خان سے ملنے کےلئے شدید دھکم پیل ہوئی۔ دوسری جانب جسٹس صفدر سلیم شاہد نے 9 مئی یا اس کے بعد درج مقدمات کے خلاف عمران خان کی درخواست پر اعتراض ختم کردیا۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو عمران خان کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ رجسٹرار آفس نے سپریم کورٹ کے آرڈر کی مصدقہ نقل نہ لگانے کا اعتراض عائد کیا تھا۔ درخواست میں آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان نے 9 مئی کو اور اس کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی استدعا کی ہے۔ عمران خان نے 9 مئی کو اور اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن