• news

مجرموں سے اچھی طرح واقف ، آرمی ، سیکرٹ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہوگی : کورکمانڈرز کانفرنس 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سیاسی شرپسندوں کی جانب سے کئے گئے جلا¶ گھیرا¶ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فورم کے شرکاءنے بتایا کہ آرمی کے رینک اینڈ فائل میں عسکری تنصیبات کے نقصانات اور جلا¶ گھیرا¶ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو ملک کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔ فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر افواج پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔ کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جسے ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کیا۔ فورم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی حلقے کی جانب سے قیام امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا کہ شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے جبکہ یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈا کے حصول کے لیے تھا۔ آرمی چیف نے اس سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردعمل کو سراہا۔ فورم نے واضح کیا کہ کسی بھی ایجنڈا کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ شرکاءنے بیرونی طور پر سپانسرڈ شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پراپیگنڈا پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے یہ بھی واضح کیا کہ شرمناک پراپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج جبکہ مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔ فورم کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے شیطانی پراپیگنڈا کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ کانفرنس کے شرکاءنے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔ فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے۔ کانفرنس کے شرکاءنے شہدائے پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے دفاع وطن اور اس قوم پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔ شرکاءنے بلوچستان میں مسلم باغ حملے کا بھرپور جواب دینے اور شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اب تک جو ناقابل تردید شواہد جمع کئے گئے ہیں ان کی بنیاد پر مسلح افواج پوری طرح سے ان حملوں کے منصوبہ سازوں، مددگاروں، اکسانے والوں اور مجرموں کے بارے میں بخوبی آگاہی رکھتی ہیں، اور اس حوالے سے غلط بیانی کو کوششیں بے سود ہیں۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوجی تنصیبات اور شخصی یا ساز وسامان کے خلاف ان گھناﺅنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فورم نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی طور میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں، بگاڑ پیدا کرنے والوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تحمل نہیں دکھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور یو اے ای صدر کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن