کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ نہ لے سکا ترکیہ میں صدارتی الیکشن 28 مئی کو دوبارہ ہو گا
استنبول اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ میں صدارتی انتخابات کےلئے دوبارہ ووٹنگ ہو گی۔ انقرہ سے ترک الیکشن بورڈ کے مطابق کوئی بھی صدارتی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا۔ ترک الیکشن بورڈ کا کہنا ہے کہ صدر کے انتخاب کےلئے دوبارہ ووٹنگ 28 مئی کو ہو گی۔ ترک الیکشن بورڈ کے مطابق صدارتی انتخابات میں ڈالے گئے 35 ہزار ووٹ ابھی گننے باقی ہیں۔ ترک الیکشن بورڈ کے مطابق صدر اردگان نے 49.51 فیصد جبکہ ان کے حریف کمال قلیچ اوگلو نے 44.88 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان میں موجود ترک شہریوں کی اکثریت نے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردگان کو ووٹ دیکر برتری دلوا دی۔ ترک میڈیا کی جانب سے جاری تنازع کے مطابق پاکستان میں 394 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے صدر طیب اردگان 261 ووٹ لیکر آگے رہے۔ کمال قلیچ دار اوغلو نے 102 ووٹ حاصل کئے۔ پارلیمانی انتخابات میں بھی پاکستان میں ترک صدر اردگان کی جسٹس پارٹی نے کامیابی حاصل کی اور 216 ووٹ لئے۔ ترکیہ کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار رن آف الیکشن ہوگا۔