• news

عوام نے ملک دشمنوں، دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر دیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر چکے ہیں۔ عوام عمران خان کی دہشت گردی اور ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔ عمران خان کسے تیار رہنے کو کہہ رہے ہیں؟۔ پیر کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد، مسلح جتھے اور غنڈے قانون کے مطابق گرفتار ہیں۔ شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی، حساس سرکاری عمارتوں پر حملے، مساجد، سکولوں، مویشی منڈیوں اور مریضوں کو سڑک پر اتار کر ایمبولنسوں کو جلانے والے تو گرفتار ہو چکے ہیں، اب عمران خان کسے آواز دے رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آرام سے زمان پارک میں بیٹھ جائیں، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہمیں ورثہ میں تباہ حال معیشت اور ڈیفالٹ کرتا ہوا ملک ملا جسے ہم نے بچایا۔ عمران خان نے چار سال میں ملکی ساکھ داﺅ پر لگائی۔ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لئے، آئی ایم ایف کا پروگرام دستخط کر کے اس کی خلاف ورزی کی۔ عمران خان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ قومی احتساب بیورو نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں عمران خان کو گرفتار کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جسمانی ریمانڈ پر موجود ملزم کو اتنا بڑا ریلیف ملا ہو۔ عمران خان سے پوچھ گچھ یا تفتیش کی جائے تو تشدد پر اتر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے کیس میں جواب نہیں دیئے تھے، وہ جسمانی ریمانڈ پر تھے اور اس سب کے باوجود وہ 48 گھنٹے میں جیل سے باہر آ گئے۔ ملک کی تاریخ میں آج تک ایسا نہیں ہوا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن