• news

اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید: جنگ بندی پر عمل کیا جائے، سیکرٹری اقوام متحدہ

مقبوضہ بیت المقدس؍ نیو یارک (این این آئی+ اے پی پی) مصرکی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی کے باوجود جنوبی اسرائیل کی جانب ایک راکٹ داغ دیا گیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے کہا ہے کہ یہ ایک تکنیکی غلطی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راکٹ حملے کے کچھ ہی دیر بعد غزہ کے شمالی علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فلسطینیوں نے اطلاع دی کہ اسرائیل نے عسکریت پسندوں کی ایک چوکی کو حملے میں نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ مصر کی ثالثی میں جنگ بندی کے نفاذکے قریباً 20 گھنٹے بعد سرحد کے قریب رہنے والے مکینوں کو ایک مرتبہ پھر محفوظ پناہ گاہوں میں بھیج دیا گیا۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے  اپیل کی  کہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی  پائیدار سیاسی حل   ہمیشہ کے لیے دیرپا امن کے قیام  کو یقینی بنانے  اور تشدد کے تباہ کن  سلسلے کو ختم کرنے کا باعث بنے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں سیکرٹری جنرل نے اسرائیل اور غزہ  پر ہفتے کو ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے  پر عمل درآمد پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن