ملک میں عدل کے دو چہرے، عمران معافی مانگ کر مذاکرات کی طرف آئیں: خالد مقبول
اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا جہاں جاگیردارانہ نظام ہو وہاں جمہوریت بھی ہو۔ ایم کیو ایم رہنمائوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہر قسم کی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی جمعہ بازار میں سینیٹر کی قیمت 40 سے 72 کروڑ روپے ہے۔ ایم کیو ایم پنجاب میں سیاسی طور پر کامیاب ہونے کیلئے نہیں آئی۔ ہم چاہتے ہیں پنجاب میں ایم کیو ایم کا پیغام سن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا پیغام سنا گیا تو پنجاب صرف ملک کی نہیں‘ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ ایم کیوایم پاکستان کے اسلام آباد سیکرٹریٹ کے افتتاح کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا اگر ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی ملکی سلامتی کے خلاف کام کر رہی ہے تو اس پر پابندی قابل قبول ہو گی۔ چیف جسٹس کے خلاف جو ریفرنس لایا جا رہا ہے‘ اس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ ملک میں عدل کے دو چہرے، دو میعار ہیں۔ عمران نے چوری کے الزام کا جواب ملک جلا کر دیا۔ عمران حالیہ واقعات پر معافی مانگ کر مذاکرات کی طرف آئیں۔