کوہاٹ: کوئلہ کا تنازعہ پر 2قبائل میں فائرنگ، 21افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوہاٹ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں دو قبیلوں کے مابین پہاڑی ملکیت، کوئلہ کان کی حد بندی تنازعہ نے سنگین صورت اختیارکر لی، جہاں خونریزجھڑپ اور تصادم کے نتیجے میں 21 افراد مارے گئے۔ مقامی میڈیا کے حوالے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں متحارب فریقین کے ایک دوسرے پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 21 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز سہ پہر درہ آدم خیل کے دو قبیلوں سنی خیل اور اخوروال کے مابین بلندر نامی پہاڑی ملکیت کی حد بندی کے دیرینہ تنازع پر حالات ایک بار انتہائی کشیدہ ہو گئے اور نوبت فائرنگ تک جا پہنچی۔ اطلاعات کے مطابق اخوروال قبیلے کے 8 جبکہ سنی خیل کے 13 افراد کی قیمتی جانیں گئی ہیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے۔ مقامی افراد نے اپنی دکانیں بند کر دیں تاہم دیگر قبیلوں کے سرکردرہ رہنما حالات پر قابو پانے کے لئے متحرک ہوگئے ہیں اور دونوں فریقین کے مابین امن قائم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔