استاد اور معروف ڈرامہ نگار شعیب ہاشمی انتقال کر گئے
لاہور‘ اسلام آباد (کلچرل رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) معروف دانشور‘ استاد‘ ڈرامہ نگار اور معروف شاعر فیض احمد فیض کی صاحبزادی سلیمہ ہاشمی کے شوہر شعیب ہاشمی انتقال کر گئے۔ شعیب ہاشمی کے انتقال کی تصدیق عدیل ہاشمی کی جانب سے کی گئی ہے۔ عدیل ہاشمی نے بتایا کہ شعیب ہاشمی کافی عرصے سے بیمار تھے۔ پاکستان میں ٹیلی ویژن کے دور میں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے۔ شعیب ہاشمی گورنمنٹ کالج لاہور میں برسہا برس درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ اس کے علاوہ شعیب ہاشمی مشہور ٹی وی پروگرامز اکڑ بکڑ‘ سچ گپ‘ ٹال مٹول اور بائو ٹرین کے خالق تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے استاد، ڈرامہ نویس، مزاح نگار، دانشور، شاعر اور فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پر ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا۔ ان جیسے قلم کار اور دانشور نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا۔ ان کی وفات معاشرے، فن اور ادب کا بڑانقصان ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے معروف دانشور، استاد، ڈرامہ نگار اور شاعر فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شعیب ہاشمی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، مرحوم پی ٹی وی کے ابتدائی دور کے پروگراموں کے خالق تھے۔ مرحوم کی شعبہ تدریس سمیت شوبز انڈسٹری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔