• news

ڈکیتی، چوری کی متعدد وارداتیں، شہری کروڑوں روپے سے محروم، مزاحمت پر ایک شخص زخمی

لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی وچوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا۔ ڈاکوؤں نے سندر  میں عامر سے گن پوائنٹ پر ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر  فائرنگ کر کے عامر کو شدید زخمی کر دیا۔ چوروں نے فیصل ٹاؤن میں شیخ مستنیر کے گھر کے تالے توڑ کر ایک کروڑ 10 لاکھ کی ملکی وغیر کرنسی، 58 تولے طلائی اور 8تولے چاندی کے زیورات، لائسنسی پسٹل اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ ڈاکوؤں نے سمن آباد میں رضوان کی برڈ شاپ سے اسلحہ کے زور پر  2لاکھ  64ہزار اور موبائل فون، لوئر مال میں تنویر سے 65 ہزار اور موبائل فون، مزنگ میں جواد سے56ہزار اور موبائل فون، مسلم ٹاؤن میں رضا سے 27ہزار اور موبائل فون، اسلام پورہ میں کاشف سے 24 ہزار اور موبائل فون، شاہدرہ میں شفیق سے 16 ہزار اور موبائل فون، نشتر کالونی میں تنویر سے 6ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے راوی روڈ، ریس کورس اور ہنجروال سے تین گاڑیاں، لٹن روڈ سے رکشہ جبکہ داتا دربار، شاہدرہ، سمن آباد، غالب مارکیٹ، فیکٹری ایریا، باغبانپورہ اور اقبال ٹاؤن کے علاقوں سے آٹھ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔

ای پیپر-دی نیشن